نئی دہلی،22؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) لالویادوکو سی بی آئی کی عدالت نے چارہ گھوٹالہ کیس میں پانچ سال قید اور 60 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ اس فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر اورمدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ نے کہاہے کہ انہیں نہیں معلوم کہ انہیں کب انصاف ملے گا۔
راجیہ سبھاایم پی دگ وجے سنگھ نے ٹویٹ کیا اور کہاہے کہ لالو پرساد یادو کو انصاف کب ملے گا؟ چارہ کھانے اور کھلانے والے آزاد گھوم رہے ہیں اور کیس سی بی آئی کو سونپنے والے لالو جی کو سزا ہو رہی ہے۔ میری ہمدردیاں لالو جی اور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔
لالو یادوکے فیصلے پر پرینکا گاندھی واڈرا نے کہاہے کہ یہ بی جے پی کی سیاست کا ایک اہم پہلوہے کہ جو بھی ان کے سامنے نہیں جھکتا، اسے ہر طرح سے ہراساں کیا جاتا ہے۔ اسی سیاست کی وجہ سے لالو پرساد یادو جی پر حملے ہو رہے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ انہیں انصاف ملے گا۔
پرینکا گاندھی کے تبصرے پر نتیش کمار نے کہاہے کہ عدالت میں زیر التوا معاملے پر اس طرح کے ریمارکس دیکھ کر حیرت ہوتی ہے۔ لالو یادو کو چارہ گھوٹالے سے متعلق کچھ معاملات میں عدالت پہلے ہی سزا سنا چکی ہے اور باقی مقدمات پر فیصلہ آنا باقی ہے۔ اس لیے اس پر تبصرہ کرنے کی ضرورت نہیں۔